جموں۔ پاکستانی فوجی فورسز نے جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی
سرحد کے قریب آج صبح مارٹر داغے، جس میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔ پاکستان کی
جانب سے رات بھر فائرنگ ہوتی رہی جس سے لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول رہا۔
وہیں جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب دو سیکٹروں میں رہائشی
علاقے اور ہندوستانی سرحدی چوکیوں پر پاکستانی رینجرز کی مسلسل کی گئی گولہ
باری میں بی ایس ایف کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ انتظامیہ نے اسکولوں کو
بند کرنے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی صلاح دی ہے۔ بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آر ایس پورہ سیکٹر میں بی ایس ایف
کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اے کے اپادھیائے کے قریب ایک گولہ پھٹا جس میں وہ
زخمی ہو گئے۔ ان کے سر میں چوٹیں آئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایس ایف نے
پاکستانی فائرنگ کا منھ توڑ جواب دیا ہے۔